logoختم نبوت

نبی علیہ السلام کے بعد صرف خلفاء ہونگے - (مفتی محمد نظام الدین ملتانی رحمۃ اللہ علیہ)

بسم اللہ الرحمن الرحیم

استفتاء:

نبی اور رسول میں کیا فرق ہے ؟ اور خلیفہ کے کیا معنی اور اسکی تعریف کیا ہے؟

جواب :

نبی ور سول میں یہ فرق ہے کہ نبی صاحب کتاب و شریعت نہیں ہوتا ۔ اور رسول صاحب شریعت ہوتا ہے۔ حضرت شیخ اکبر محی الدین ابن عربی اپنی کتاب فصوص الحكم فصل ۱۲ میں لکھتے ہیں نبی وہ ہے جو خلق کے پاس ہدایت کے لئے اور اس کمال کے راستہ بتلانے کے لئے بھیجا گیا ہو جو حضرت علیمیہ میں اونکے اعیان ثابتہ کے استعداد کے مقتضاء پر ان کے لئے مقدر ہے۔ اور وہ نبی کبھی صاحب شریعت ہوتا ہے جیسے رسل sym-3 ہیں۔ اور کبھی صاحب شریعت جدید نہیں ہوتا بلکہ پہلی ہی شریعت میں اس کے حقائق کو اون کی استعداد کے موافق تعلیم کرتا ہے۔ جیسے بنی اسرائیل کے انبیاء ہیں انتہی

شیخ اکبر کی عبارت سے صاف ظاہر ہے رسول صاحب شریعت جدید ہوتا ہے اور نبی صاحب شریعت جدید نہیں ہوتا۔ یعنی نبی صرف نبی ہوتا ہے اور رسول نبی بھی ہوتا ہے اور رسول بھی۔ خلیفہ تو صاحب حکومت ہوتا ہے اور حدود شریعت کا نگہبان ہوتا ہے وہ رسول ونبی نہیں ہوتا ۔ بعد خاتم خاتم النبین کے صرف خلفاء ہونگے جو شریعت کی حفاظت کریں گے۔ صحیح حدیث میں ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ بنی اسرائیل ادب سکھاتے جاتے تھے نبیوں سے ۔ جب ایک نبی فوت ہوتا تو دوسرا مبعوث ہوتا۔ مگر چونکہ میرے بعد کوئی نبی نہیں ہے یعنی غیر تشریعی نبی جو شریعت سابقہ کی پیروی کرے اور خود بھی نبی کہلائے نہوگا اسلئے میری امت کے امیر یا خلیفے یعنی بادشاہ حدود شریعت کی نگہبانی کریں گے ، اور چونکہ میں خاتم النبیین ہوں اسواسطے نبی کوئی نہیں کہلائے گا۔ مشکوۃ شریف ہیں یہ حدیث ہے مفصل دیکھنا ہو تو دیکھ لیں ۔ اور خلیفوں کی صفا وغیرہ کا بھی ذکر اسی کتاب میں ہے۔ یہاں گنجائش نہیں کہ صفات خلیفہ بھی لکھی جائیں۔ مختصر یہ کہ بزدل نہ ہو بہادر ہو۔ تاکہ جنگ میں بھاگ نہ جائے ۔ اور اس قابل ہو کہ بیرونی دشمن اسلام کا مقابلہ کر سکے ۔ اور جنگ سے ہر گز نہ گھبرائے اور حدود شریعت کی نگہبانی کر سکے اور حدود جاری کرے تاکہ ملک میں امن قائم رہے ۔

المجیب پیر بخش صاحب پوسٹ ماسٹر

الجواب صحیح نظام الدین ملتانی

سلطان الفقہ المعروف بہ فتاوی نظامیہ ،ص:202تا198،اشاعۃ القرآن پبلی کیشنز اردو بازار لاہور ،وجامع الفتاوی ،ص:280،277،سنی دار الاشاعت علویہ رضویہ ڈجکوٹ روڈ لائلپور ،مغربی پاکستان

Netsol OnlinePowered by