logoختم نبوت

قادیانیوں سے بائیکاٹ کا شرعی حکم - (مفتی ابو داؤد صادق)

استفتاء:

فرماتے ہیں علماء دین متین، مفتیان کرام حسب ذیل مسئلہ کے بارے میں مرزا قادیانی کے پیروکاروں کے ساتھ بائیکاٹ کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ اور اس کے دجل کی چند مثالیں بھی بیان فرما دیں؟

(فجزاكم الله احسن الجزاء)
بسمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ

الجواب:

یاد رہے کہ لغات میں دجال کا معنی مکار وفریب کار اور کذاب کا معنی بہت جھوٹا ودروغ گو مذکور ہے اور تیس دجال وکذاب والی حدیث کے مطابق چونکہ مسیلمہ کذاب کی طرح مسیلمہ پنجاب غلام احمد قادیانی بھی ایک دجال وکذاب ہے۔ اس لیے اس کی ساری زندگی اور ساری تصانیف کذب ومکر، جھوٹ فریب اور ہیر پھیر قلابازیوں سے بھر پور ہے اور مرزا غلام احمد اور اس کے لاہوری وقادیانی پیروکار ختم نبوت کے انکار توہین رسالت کے ارتکاب اور تحریف قرآن کے باعث علماء عرب وعجم کے فتویٰ شرعی کے مطابق دائرہ اسلام سے خارج اور مرتد ہیں اور جو شخص ان کو ادنیٰ مسلمان سمجھے یا ان کے کفر میں شک کرے وہ بھی ویسا ہی کافر اور مرتد ہے اور اس کے ساتھ رشتہ ناطہ دوستان میل ملاپ سب نا جائز مکمل بائیکاٹ۔

چند مثالیں، مرزا قادیانی کے مکر وجہالت، دجل وکذب کی چند مثالیں ملاحظہ ہوں۔ مرزا غلام احمد لکھتا ہے کہ ’’سچا خدا وہی ہے جس نے قادیان میں اپنا رسول بھیجا۔‘‘1

’’صریح طور پر نبی کا خطاب مجھے دیا گیا۔‘‘2

’’حالانکہ سچے خدا نے اپنے سچے محمد ﷺ پر نبوت ورسالت ختم فرما دی ہے۔ مرزا کہتا ہے:

ع..... منم محمد واحمد کہ مجتبیٰ باشد ’’میں ہی محمد واحمد مجتبیٰ ہوں۔ 3

حالانکہ اس گستاخ کا نام محمد واحمد نہیں بلکہ صرف غلام احمد ہے۔ غلام ہو کر خود آقائی کا دعوی کرنا، نوکر ہو کر گھر کا مالک بن بیٹھنا اور چپڑاسی ہو کر بادشاہی کا مدعی ہونا کس قدر جھوٹ، بغاوت اور غداری ہے اور مرزا قادیانی کی یہ جرات کس قدر حماقت وشقاوت ہے۔

· حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی شان اقدس میں نازل شدہ آیات قرآنی کے متعلق غلام احمد قادیانی لکھتا ہے: ’’ایک یہ وحی اللہ ہے۔

هُوَ الَّذِي اَرْسَلَ رَسُوْلَهُ بِالْهُدَى وَدِيْنِ الْحَقِّ لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّیْنِ كُلِّهٖ4

اس میں صاف طور پر اس عاجز (غلام احمد) کو رسول کہہ کر پکارا گیا ہے۔ پھر اس کے بعد یہ وحی اللہ ہے۔

مُحَمَّدٌ رَّسُولُ اللّٰهِ وَالَّذِينَ مَعَهُ اَشِدَّاءُ عَلَى الْكُفَّارِ رُحَمَاءُ بَيْنَهُمَا 5

اس وحی الٰہی میں میرا (غلام احمد کا) نام محمد رکھا گیا اور رسول بھی۔‘‘6

لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ اِلَّا بِالله

اس سے بڑھ کر دجل وکذب، چوری وفریب کاری، قرآن پاک میں تصرف وتحریف اور محمد رسول اللہ سے عداوت وبغاوت اور کیا ہوگی کہ آپ کی شان میں نازل شده صریح آیات پاک کو ایک ناپاک شخص بعینہٖ اپنی طرف وحی الہٰی بیان کرے۔ ایک نام کا منی آرڈر کوئی دوسرا شخص وصول کرنے پر اگر مجرم اور مکار ہے تو محمد رسول اللہ ﷺ کی آیت، نام اور رسالت اپنی طرف نسبت کرنے والا غلام احمد کیوں مجرم ومکار اور باغی وغدار نہیں۔

·اور پاکستان میں وزیر اعظم اور صدر، وزیر اعلیٰ اور گورنر، ڈی سی اور ایس پی کے مقابلہ میں اگر کوئی دوسرا جعلی صدر اور وزیر اعظم، گورنر اور وزیر اعلیٰ، ڈی سی اور ایس پی نا قابل برداشت مجرم ہے تو ایک امت میں سب سے سچے اور سب سے بڑے رسول ونبی ﷺ کے مقابلہ میں کوئی دوسرا جعلی وبناسپتی رسول ونبی کس طرح برداشت ہو سکتا ہے؟

·اگر پاکستان کی منظور شدہ رائج الوقت کرنسی وسکہ کے مقابلہ میں کوئی جعلی کرنسی وسکہ نا قابل معافی جرم ہے تو قیامت تک ہر زمان ومکان کے لئے رسالت محمدی ﷺ کے رائج الوقت کھرے سکہ کے مقابلہ میں قادیانی نبوت کا جعلی وکھوٹا سکہ کیوں نا قابل معافی جرم نہیں؟

·اگر حکومت پاکستان ہر شہری کی جان مکان اور آبرو کے تحفظ کی ذمہ دار ہے تو نبوت کے عظیم محل اور ناموس رسالت کے تحفظ کی حکومت کیوں ذمہ دار نہیں۔ جبکہ پاکستان کا قیام اور ارباب حکومت کا اقتدار سب کلمہ محمدی ﷺ کا مرہون منت ہے۔

پاکستان کا مطلب کیا؟ لا اله الا الله محمد رسول الله (صلى الله عليه وآله وسلم)

خادم اہلسنت: الفقیر ابو داؤد محمد صادق


  • 1 دافع البلاء ص :11
  • 2 حقیقۃ الوحی ص 150
  • 3 در ثمین ص 248
  • 4 سورۃ الفتح،48/ 29
  • 5 سورۃ الفتح، 48/ 29
  • 6 ایک غلطی کا ازالہ ص 4

Powered by Netsol Online